امریکا نے پہلے دنیا کے پہلے اور جدید ترین ’’سکستھ جنریشن ایف47‘‘ جنگی طیارے تیار کرنے کا اعلان کردیا، یہ لڑاکا طیارہ تمام تر جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جدید ترین طیارے بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس طیارے کا نام ’’ایف-47‘‘ ہوگا، ’نیکسٹ جنریشن ایئر ڈومیننس‘ طیارے تیار کرنے کا بوئنگ کمپنی سے معاہدہ کرلیا گیا ہے۔
امریکی صدر اور سیکریٹری دفاع نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایف47 کی خصوصیات اور صلاحیتیں بے مثال ہوں گی، دنیا نے ایسا طیارہ پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا، یہ طیارہ امریکا کی فضائی برتری کو قائم رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس طیارے کی رفتار، گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت اور دیگر خصوصیات کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں، ایف 47 طیارہ امریکی فضائیہ کو مستحکم کرے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایف-47 کا تجرباتی ماڈل پچھلے 5 سال سے خفیہ پروازیں کررہا ہے، اس طیارے کی تیاری کا مقصد دنیا میں امریکا کے فضائی غلبے کو برقرار رکھنا اور عالمی طاقت کے طور پر اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق یہ جنگی طیارہ تاریخ کا سب سے مہنگا طیارہ ہوگا تاہم بوئنگ کمپنی سے معاہدے کے حوالے سے اس پروگرام کی مکمل لاگت کا اعلان نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ طیارے کے اس نام کی وجہ ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکا کا 47واں صدر ہونا بھی ہوسکتا ہے۔