شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 16 خارجی ہلاک ہوگئے۔
شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں سیکیورٹی فورسز نے ایک دہشت گردوں کے پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی، فورسز کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 16 خارجی جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان بار بار افغان عبوری حکومت کو مؤثر بارڈر مینجمںٹ کیلئے کہتا آرہا ہے، افغان عبوری حکومت سے توقع ہے وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، پاکستان کیخلاف افغان سرزمین کا استعمال روکا جائے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام 16 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر افسران و جوان لائق تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پوری قوم دہشتگردوں کیخلاف بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔