بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں اتوار کو 2 مسافر ٹرینوں میں تصادم میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور تقریباً 25 زخمی ہوگئے۔
ریلوے کی وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ مسافر ٹرینوں میں سے ایک کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ تصادم ’’انسانی غلطی‘‘ کی وجہ سے ہوا، جس کی وجہ وشاکھاپٹنم-رائے گڑا مسافر ٹرین کی طرف سے ’’سگنل کی اوور شوٹنگ‘‘ تھی۔
ضلع وجیا نگرم میں تعینات ایک سینئر سرکاری اہلکار نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ تصادم کی زد میں آنیوالی دو کوچوں میں 90 سے زائد افراد سفر کر رہے تھے، جن میں سے 27 زخمی ہوگئے۔
سینئر افسر نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر ٹرین اوور ہیڈ کیبل کے ٹوٹنے کی وجہ سے رک گئی اور دوسری آنیوالی ٹرین اس سے ٹکرا گئی، جس سے ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔
یہ حادثہ بھارت کی سرکاری ریلوے کو 2 دہائیوں میں اپنے بدترین ٹرین حادثے کا شکار ہونے کے چند ماہ بعد پیش آیا ہے جس میں 292 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
وفاقی پولیس نے ریلوے کے تین ملازمین کو مجرمانہ قتل اور شواہد غائب کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
اتوار کو مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر کہا کہ انہوں نے وزیر ریلوے سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کررہے ہیں۔