تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی اضافہ ہوگیا۔
انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کے دوران ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈالر کے مقابلے روپیہ 13 پیسے کی بہتری سے 280.08 روپے پر جاپہنچا۔
دوسری جانب عالمی سطح پر جمعرات کو امریکی ڈالر کمزور رہا کیونکہ فیڈرل ریزرو نے اشارہ دیا کہ رواں سال کے آخر میں شرح سود میں کمی متوقع ہے حالانکہ امریکی ٹیرف سے متعلق غیر یقینی صورتحال برقرار رہی ۔ دوسری جانب برطانوی پاؤنڈ بینک آف انگلینڈ کے پالیسی فیصلے سے قبل 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
ترک لیرا بدھ کو ایک ڈالر کے مقابلے میں ریکارڈ کم سطح 42 تک گرگئی، تاہم بعد میں دن کے بیشتر نقصانات بحال کر لیے جب حکام نے صدر طیب اردوان کے مرکزی سیاسی حریف کو حراست میں لے لیا۔ بدھ کو 42 فی ڈالر کی ریکارڈ کم ترین سطح تک گرنے کے بعد، لیرا 37.665 فی ڈالر پر بند ہوا، جو 2.6 فیصد کمی کے برابر ہے۔