وزیراعظم کی ہدایت پر اسٹار لنک کو این او سی جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ ذرائع پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اسٹار لنک کو سروس کی فراہمی میں ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
پی ٹی اے ذرائع کے مطابق ایلون مسک کی کمپنی اسٹارلنک کو این او سی جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی، اسٹارلنک کو پاکستان میں سروس کیلئے لائسنس جاری کرنے کی راہ ہموار ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسپیس ایکٹویٹی ریگولیٹری بورڈ نے این او سی جاری کرنے کی منظوری دی۔
واضح رہے کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں رجسٹرڈ امریکی کمپنی اسٹارلنک کو پی ٹی اے کی جانب سے لاسئنس کے اجراء کیلئے این او سی کی شرط رکھی گئی تھی، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این او سی جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کی اسٹارلنک کو لائسنس کا اجراء جلد کیا جائے گا تاہم لائسنس کے اجراء کے بعد بھی اسٹارلنک کو سروس کی فراہمی کیلئے ایک سال کا وقت درکار ہوگا۔
پی ٹی اے ذرائع کے مطابق اسٹارلنک نے 24 فروری 2022ء کو لائسنس کیلئے اپلائی کیا تھا، اسٹار لنک کا کیس مارچ 2022ء میں مشاورت کیلئے وزارت آئی ٹی کو بھجوایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اسٹار لنک کی بدولت پاکستانی صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ سروس کی سہولت میسر آئے گی۔
وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے اسٹارلنک کی عارضی رجسٹریشن پر بیان جاری کردیا۔ کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسٹارلنک کی رجسٹریشن یقینی بنائی گئی، سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی منظوری پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کیلئے سنگِ میل ہے، وزیراعظم کی ہدایت تھی کہ پاکستان میں انٹرنیٹ نظام کو بہتر بنایا جائے۔