قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بذریعہ ای میل سنٹرل کنٹریکٹ مل گئے۔ کھلاڑیوں کی جانب سے جلد سینٹرل کنٹریکٹس پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے ورلڈکپ سے قبل نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا تھا،ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 5 ماہ سے ادائیگی نہیں ہوئی۔ کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہوگئے تھے جس کے بعد کنٹریکٹ میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔
خیال رہےکہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ چند ماہ سے التوا کا شکار تھا، قومی کرکٹرز کو کنٹریکٹ کی کئی شقوں پر اعتراضات تھے،کرکٹرز کے تمام تحفظات کو دور کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں بڑا اضافہ کر دیا تھا، اے کیٹیگری میں موجود بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو ماہانہ 60 لاکھ 30 ہزار روپے دیے جائیں گے، بی کیٹیگری کو ماہانہ 41 لاکھ 47 ہزار 500 روپے ملنے ہیں، سی کیٹیگری کو ماہانہ 17 لاکھ65 ہزار روپے دیے جائیں گے، ڈی کیٹیگری کوماہانہ 11 لاکھ 32 ہزار500 روپے ملنے ہیں۔