تحریک تحفظ آئین پاکستان کا قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بھی ان کیمرہ بریفنگ میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محمود اچکزئی کا کہنا ہے پارلیمانی لیڈرز کے بجائے مکمل پارلیمنٹ کو بریفنگ دی جائے۔
دوسری جانب رات گئے تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان ملاقات کے بغیر قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی۔
سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے مطابق شرکاء نے اتفاق کیا کہ جب تک بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، پی ٹی آئی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی ۔ کمیٹی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی ۔
اس سے پہلے چیف وہپ عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی اور کہا کہ اجلاس سے پہلے بانی سے ملوایا جائے ۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے بھی اسپیکر ایاز صادق کو خط لکھا۔ جس میں اجلاس سے پہلے بانی سے ملاقات کا انتظام کرنے کا کہا گیا۔