منگلا ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول پر پہنچ گیا جبکہ تربیلا میں سطح ڈیڈ لیول سے تقریباً تین فٹ اوپر ہے۔ تربیلا۔ منگلا اور چشمہ میں آج پانی کا مجموعی ذخیرہ ایک لاکھ 3 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔
منگلا ڈیم کا کم از کم آپریٹنگ لیول ایک ہزار پچاس فٹ ہے۔ اس وقت پانی کی سطح بھی اتنی ہی۔ ڈیم میں پانی کی آمد 19 ہزار 800 اور اخراج 19 ہزار 900 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری طرف تربیلا ڈیم کا ڈیڈ لیول چودہ سو دو فٹ جبکہ اس وقت پانی چودہ سو چار اعشاریہ نو تین فٹ ہے ۔ ڈیم میں پانی کی آمد انیس ہزار 600 اور اخراج 20 ہزار کیوسک جبکہ قابل استعمال ذخیرہ 14 ہزار ایکڑ فٹ رہ گیا۔
ترجمان واپڈا کے مطابق چشمہ بیراج میں کم از کم 638 اعشاریہ ایک پانچ فٹ پانی موجود رہنا ضروری ہے ۔ موجودہ سطح 639 اعشاریہ تین صفر فٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ قابل استعمال ذخیرہ 17 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد اکتیس ہزار سات سو کیوسک اور اخراج 27 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اس وقت منگلا ڈیم میں 72 ہزار ایکڑ فٹ، تربیلا ڈیم میں 14 ہزار ایکڑ فٹ اور چشمہ بیراج میں 17 ہزار ایکڑ فٹ پانی موجود ہے۔