پاکستان کے آئی ایم ایف وفد کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے نے ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کیلئے گرین سگنل دے دیا۔
وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق پاکستان کے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے، عالمی مالیاتی ادارے نے ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کیلئے گرین سگنل دے دیا۔
وزرات خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کو 2 ارب ڈالر قرض کی درخواست کی ہے، پاکستان کو ایک ارب ڈالر قرض قسط اور ایک ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق قرض قسط اور کلائمیٹ فنانسنگ کی منظوری یکمشت دیئے جانے کا امکان ہے، کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے ایک ارب ڈالر قرض پاکستان کو اقساط میں ملیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد نے پاکستان کو درخواست منظوری کیلئے ایگزیکٹو بورڈ میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرادی، کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے آئی ایم ایف گراؤنڈ ورکنگ کو مانیٹر کرے گا۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی جائزہ مذاکرات کے بعد ایگزیکٹو بورڈ سے قرض منظوری اپریل یا مئی میں متوقع ہے، پاک آئی ایم ایف اقتصادی جائزہ مذاکرات آج ختم ہوں گے، مشن آج رات واپس روانہ ہوگا۔