ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے شوہر عاطف خان کی گرفتاری کے بعد بلآخر خاموشی توڑ دی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ شوہر کی ضمانت کیلئے ایف آئی اے افسر نے بھاری رشوت طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے شوہر ایف آئی اے کی حراست میں ہیں اور خیرت سے ہیں۔
نادیہ حسین نے 12 مارچ کو انسٹاگرام پر اپنا ویڈیو بیان شیئر کیا اور ساتھ ہی ایف آئی اے کا افسر بن کر فون کرنیوالے شخص کی چیٹس اور آڈیو بھی لیک کردیں۔
نادیہ حسین نے دعویٰ کیا کہ مالی فراڈ کے الزام میں گرفتار ان کے شوہر کی ضمانت کیلئے ایف آئی اے افسر نے بھاری رشوت طلب کی ہے، مذکور شخص کی جانب سے اداکارہ سے 3 کروڑ روپے رشوت مانگی گئی تھی۔
اسکرین شاٹس کے مطابق فراڈ کال کرنیوالے کا نادیہ حسین سے کہنا تھا کہ آپ کے شوہر عاطف محمد خان سے تمام معاملات طے پاگئے ہیں، آپ رقم منتقل کردیں، کال کرنیوالے نے نادیہ حسین کو ڈرانے کی کوشش کی اور یہ بھی کہا کہ یہ بات آپ کے اور میرے درمیان رہنی چاہیے۔
نادیہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ’’آپ لوگوں میں سے بہت سے افراد ایف آئی اے کی جانب سے فراڈ کیس میں میرے شوہر کی گرفتاری پر میرے ردعمل کا انتظار کررہے تھے‘‘۔
انہوں نے کہا ’’یہ سچ ہے کہ فی الحال میرے شوہر ایف آئی اے کی حراست میں ہیں لیکن صرف تفتیش کیلئے، اگر کیس کی بات کروں تو کیا سیکیورٹی والے سورہے تھے کہ ان کی ناک کے نیچے اتنا بڑا فراڈ ہوگیا؟۔
ماڈل نے کہا ’’اب اس کے اندر میرے شوہر کا کتنا ہاتھ ہے، ہے بھی یا نہیں، اس کا فیصلہ یقیناً وقت اور عدالت کریگی، میں اپنے وکلاء کی وجہ سے خاموش ہوں، میرے شوہر حراست میں ہیں لیکن انتہائی پُرسکون ہیں، ایف آئی اے ان کا خیال رکھ رہا ہے اور وہ خیریت سے وہاں ہیں‘‘۔