وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات اور الیریا گروپ کے آٹھ رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور حکومت سرمایہ کاری دوست ماحول کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ملاقات میں خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق متحدہ عرب امارات پاکستان کے اسپیشل اکنامک زونز میں متعدد منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت پاکستان کے معاشی استحکام کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان خطے میں سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین مارکیٹ بن کر ابھر رہا ہے۔ وفد نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کے فٹ پرنٹ کو مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔