کرپٹو کرنسی کے بارے میں اپنے مؤقف کو باضابطہ بنانے کی جانب پاکستان کی پیشقدمی جاری ہے، حکومت نے بلال بن ثاقب کو پاکستان کرپٹو کونسل کیلئے وزیر خزانہ کا چیف ایڈوائزر مقرر کردیا۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان قومی معیشت، ڈیجیٹل تبدیلی اور سب کیلئے ایک محفوظ اور شفاف مالیاتی نظام سے متعلق ٹھوس پالیسی اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے ٹیکنالوجی کی ترقی کو اپنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرنا چاہتا ہے۔
فوربز کی جانب سے تسلیم شدہ بلال بن ثاقب ویب 3 انویسٹر، اسٹریٹجک ایڈوائزر اور بلاک چین اسپیس میں تھنک لیڈر ہیں اور انہیں 1632 ویں پوائنٹس آف لائٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے جو برطانوی وزیراعظم کی جانب سے ملک میں تبدیلی لانے والوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔
انہیں 2023ء میں برطانیہ کے نیشنل ہیلتھ سروس کیلئے خدمات کے اعتراف میں ایم بی ای ( ممبر آف دی برٹش ایمپائر) ایوارڈ بھی دیا گیا۔
بیان کے مطابق پاکستان کرپٹو کونسل کے وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر کے طور پر بلال بن ثاقب پاکستان کی کوششوں میں اپنی وسیع علم اور تجربے کو شامل کریں گے تاکہ کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجیز کو مالیاتی نظام میں ضم کیا جاسکے جبکہ ڈیجیٹل اثاثوں کیلئے ایک مضبوط فریم ورک کی ترقی کو عالمی بہترین طریقوں کے مطابق یقینی بنایا جائے۔
وہ وزارت خزانہ کو حکومت کی کارکردگی کو بڑھانے، فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر بنانے اور سرکاری شعبے کے آپریشنز میں جدت طرازی کو فروغ دینے کیلئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کے بارے میں بھی مشورہ دیں گے۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ بلال بن ثاقب کی تقرری ڈیجیٹل کرنسیوں کی تبدیلی کی صلاحیت کو اپنانے، مالی تحفظ کو یقینی بنانے، خطرات کو کم کرنے اور کرپٹو کرنسیوں کے پاکستان کی معیشت پر اثرات کا مؤثر انداز میں جائزہ لینے کے عزم میں ایک اہم قدم ہے۔
اپنی تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے کہا کہ کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی میں پاکستان کیلئے بے پناہ امکانات موجود ہیں، خاص طور پر نوجوانوں کیلئے، جو ہمارے ملک کے ڈیجیٹل مستقبل کی محرک قوت ہیں، صحیح حکمت عملی اور ریگولیٹری فریم ورک کے ساتھ ہم اپنے ملک کے نوجوانوں کو بااختیار بناسکتے ہیں، معاشی ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں اور پاکستان کو دنیا بھر میں ایک رہنماء کے طور پر قائم کرسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بلال بن ثاقب کی تقرری کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلال بن ثاقب کی تعیناتی ایک محفوظ اور شفاف مالیاتی نظام کو یقینی بناتے ہوئے ابھرتی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے، ہمیں یقین ہے کہ ان کی قیادت ایک مضبوط اور مؤثر ریگولیٹری فریم ورک کی ترقی کی رہنمائی کرے گی، جس سے پاکستان کے کرپٹو سیکٹر میں جدت طرازی اور پائیدار ترقی کو فروغ ملے گا۔