صدرآئی پی پی اور وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے بنوں میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خوارج نے ایک مرتبہ پھرمعصوم شہریوں کونشانہ بنایا۔ سیکیورٹی فورسزنے بروقت کارروائی کر کے دہشتگردوں کوجہنم واصل کر دیا۔
ایک بیان میں عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے جوانوں نے بنوں کو بڑے ممکنہ نقصان سےبچایا ۔ ایسے ملک دشمن عناصرکی سرکوبی جاری رہے گی ۔ معصوم شہریوں کی شہادت پر دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے ۔ اللہ تعالٰی غمزدہ خاندانوں کو ہمت اور صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے کینٹ پر بزدلانہ حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ افطار کے وقت جب بازار میں رش تھا، دہشت گردوں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرانے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں 9 معصوم شہری شہید جبکہ 16 افراد زخمی ہو گئے، دہشت گردوں نے ایک بارود سے بھری گاڑی بازار کے قریب دھماکے سے اڑا دی، جس کے نتیجے میں شہریوں کی شہادت کے ساتھ ساتھ ایک قریبی مسجد بھی شہید ہو گئی۔