اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس7 مارچ کو جدہ میں منعقد ہوگا، جس میں فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور غزہ کی سنگین صورتحال پر مشترکہ اقدامات پر غور کیا جائے گا فلسطینیوں کو جبری بےدخل کرنے کی ناقابل قبول تجاویز کی بھی مذمت کریں گے۔
اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اسحاق ڈار فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت تمام فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی انخلاء کا مطالبہ کریں گے۔
اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم کی او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے مزید اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔