مری میں مسلسل اور شدید برفباری کے باعث انتظامیہ نے سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
حکام کے مطابق سترہ میل ٹول پلازہ سے مری ایکسپریس وے کو بھی مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ سڑکوں پر شدید پھسلن کے باعث آمدورفت خطرناک ہو گئی ہے اور محکمہ ہائی وے کی مشینری تمام رابطہ شاہراہوں کو صاف کرنے میں دن رات مصروف ہے۔
حکام کے مطابق برفباری سے پیدا ہونے والی پھسلن سے بچنے کے لیے سڑکوں پر نمک کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔
تاہم موسم کی شدت کے پیش نظر فی الحال سیاحوں کو مری آنے سے روک دیا گیا ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک سفر سے گریز کریں۔
مری میں برفباری سے جہاں قدرتی حسن میں اضافہ ہوا ہے وہیں سڑکوں کی بندش اور پھسلن نے انتظامیہ کے لیے چیلنجز بھی بڑھا دیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہوں کو مکمل طور پر بحال کرنے کے بعد ہی سیاحوں کے داخلے کی اجازت دی جائے گی۔