پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کی کال واپس لے لی اور وزیر پیٹرولیم سے کامیاب مذاکرات کے بعد پیٹرول پمپ بند کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا۔
نمائندہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ وزیر پیٹرولیم نے ڈی ریگولیشن کے معاملے پر ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
نمائندہ ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ڈی ریگولیشن سے ہمارے مارجن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا جبکہ مصدق ملک نے ایرانی تیل کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کا وعدہ بھی کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر پیٹرولیم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی اس حوالے سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس سے پہلے ڈی ریگولیشن کے معاملے پر پیٹرولیم ڈیلرز نے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دی تھی جس پر وزیر پیٹرولیم نے آل پاکستان پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن کو مذاکرات کے لیے بلا لیا تھا۔
ایسوسی ایشن کی سات رکنی کمیٹی نے آج وزارت پیٹرولیم سے مذاکرات کیے جس کے بعد ہڑتال کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔