کوئٹہ میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کا 3 مئی سے انعقاد کیا جارہا ہے، جس میں متعدد بین الاقوامی کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔
بلوچستان میں سول انتظامیہ اور پاک فوج کے زیر اہتمام پچھلے تین ماہ کے دوران کئی میگا ایونٹس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا، ان میں 12 تا 15 دسمبر تک جھل مگسی جیپ ریلی، 14 تا 17 فروری بلوچستان کے تاریخی سبی میلہ اور 22 فروری کو ضلع نوشکی میں بلوچستان کی سیاحت اور کھیلوں کو اُجاگر کرنے کیلئے نوشکی گولڈن ڈیزرٹ جیپ ریلی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 21 تا 23 فروری تک کوئٹہ شہر میں پہلی مرتبہ کوئٹہ ایٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔
ان تمام تر میگا ایونٹس کی بھرپور کامیابی کے بعد اب کوئٹہ شہر میں پہلی مرتبہ 3 مئی کو انٹرنیشنل باکسنگ چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
انٹرنیشنل سطح کے اس ایونٹ میں 8 انٹرنیشنل مقابلے ہونگے جن میں سے بلوچستان کے فرزند محمد وسیم (3 مرتبہ ڈبلیو بی سی سلور ورلڈ چیمپئن) اور وینزویلا کے ونسٹن ارونو انٹرنیشنل باکسنگ آرگنائزیشن بینٹم ویٹ چیمپیئن شپ کیلئے مد مقابل ہونگے۔
مزید برآں، قازقستان، برطانیہ، آسٹریلیا اور میکسیکو کے 45 بین الاقوامی باکسرز / آفیشلز اور پاکستان کے چار مرد اور چار خواتین باکسرز بھی اسی بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کریں گے۔