رواں سال رمضان المبارک کے آغاز پر کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں آٹومیٹڈ ٹیلر مشینوں (اے ٹی ایمز) میں نقدی ختم ہوگئی کیونکہ لوگ بڑی تعداد میں خریداری اور گھریلو اخراجات کے لیے رقم نکالنے کے لیے امڈ آئے۔
نقدی کی قلت نے بہت سے گاہکوں کو مایوس کردیا ، جس کی وجہ سے انہیں کیش کی تلاش میں متعدد اے ٹی ایم پر جانا پڑا۔
دریں اثنا کچھ اور اے ٹی ایمز میں نقدی ختم ہونے کا امکان ہے کیونکہ زکوٰۃ کٹوتی کے مقصد سے پیر کو بینکوں میں پبلک ڈیلنگ بند رہے گی۔
اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا ہے کہ زکوۃ کی کٹوتی کے مقصد کیلئے تمام بینک اور مالیاتی ادارے آج (پیر)2 رمضان المبارک کوبند رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق رمضان کے آغاز پر لوگوں کی بڑی تعداد اے ٹی ایمز پر پہنچ گئی تھی جس کی وجہ سے مشینیں خالی ہو گئیں۔ اس کے علاوہ یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ لوگ زکوٰۃ کی کٹوتی سے بچنے کے لیے بعض اوقات نقد رقم نکال لیتے ہیں۔
کچھ نجی بینکوں نے پہلے ہی سوشل پلیٹ فارمز کے ذریعے مطلع کیا تھا کہ ان کے صارفین اتوار کو رات 12 بجے سے صبح 10 بجے تک نقد رقم نہیں نکال سکیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل ایپ، انٹرنیٹ بینکنگ، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز اور اے ٹی ایم سروسز سمیت تمام ڈیجیٹل چینلز اتوار 2 مارچ 2025 کو زکوٰۃ کٹوتی کی سرگرمی کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوں گے۔