اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کے حوالے سے وفاقی حکومت کو معاونت فراہم کرنے کی ہدایت دے دی۔ وکیل کلائیو اسمتھ کے ڈکلیریشن پر جواب جمعرات تک جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے دائر درخواست پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے سماعت کی۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو وفاقی حکومت کو معاونت فراہم کرنے کی ہدایت دی اور حکم دیا کہ جو معاونت حکومت کو دی جائے اس کی کاپی عدالت میں بھی جمع کرائی جائے۔
درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ریمارکس دیے کہ وہ یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ وفاقی حکومت اٹارنی جنرل آفس کی معاونت رد کرے گی۔
عدالت نے وکیل کلائیو اسمتھ کے ڈکلیریشن پر جواب جمعرات تک جمع کرانے کا حکم دیا اور کیس کی مزید سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کر دی۔