امریکا کی جانب سے شام پر کئے جانے والے حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق شام پر امریکا کے حملوں کے بعد راتوں رات تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔
برنٹ کروڈ فیوچر جمعہ کے اوائل میں 1.16 ڈالر سے بڑھ کر 89.09 ڈالر فی بیرل ہو گیا ہے۔
امریکی حملوں کے بعد یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ مشرق وسطیٰ میں وسیع تر تنازعے کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں مشرقی شام میں ایران کے حمایت یافتہ گروپ کے زیر استعمال دو تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے اور یہ حملے اسرائیل اور حماس تنازعے سے الگ ہیں۔
تاہم ، پھر بھی یہ امکان کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی خطے کے دیگر ممالک جیسے ایران اور لبنان تک پھیل سکتی ہے معیشت پر نظر رکھنے والوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
خیال رہے کہ عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے اس ہفتے کے شروع میں خبردار کیا تھا کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ سے معاشی ترقی پر سنگین اثر پڑے گا اور عالمی معیشت انتہائی خطرناک موڑ پر ہے۔