وفاقی کابینہ میں توسیع کی تیاریاں جاری ہیں اور اس میں نئے وزرا، مشیران اور معاونین کو شامل کیا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے وفاقی کابینہ میں اتحادی جماعتوں کو بھی نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان کابینہ کا حصہ بنیں گے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر خالد حسین مگسی اور ایم کیو ایم سے مصطفیٰ کمال کو شامل کیا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ (ن) سے طارق فضل چوہدری، حنیف عباسی، طلال چوہدری، بلال اظہر کیانی، عقیل ملک، سیف الملوک کھوکھر اور عبدالرحمٰن کانجو کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔
اس کے علاوہ سردار یوسف، رانا محمد حیات، علی زاہد، جنید انوار، رانا مشہور اقبال، ڈاکٹر مختار بھرتھ، نوشین افتخار، ریاض الحق جج، معین واٹو اور رومینہ خورشید عالم بھی کابینہ میں شامل ہونے والوں میں شامل ہیں۔
مزید برآں ڈاکٹر توقیر شاہ اور حذیفہ رحمٰن کو وزیراعظم کا مشیر بنائے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی کابینہ کے نئے ارکان کی تقریب حلف برداری جلد متوقع ہے جس سے نئی کابینہ کے ڈھانچے کو حتمی شکل مل جائے گی۔