سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ارشد شریف قتل کیس کھلنا ہے اور جب یہ کیس کھلا تو بڑے بڑے لوگ شکنجے میں آئیں گے۔
سماء ٹی وی کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کو دوستی میں مارا گیا، وہ جتنا اسٹیبلشمنٹ سے قریب تھے اتنا ہی پی ٹی آئی کے قریب تھے، گٹھ جوڑ ملے گا تو اس میں بہت کچھ ملے گا اور میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں ان کو قتل کیا گیا ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو یہ نہیں پتہ تھا کہ ارشد شریف کا قتل ہونا ہے لیکن یہ پتہ تھا کچھ ہونا ہے، میں نے ارشد شریف کے قتل میں بانی پی ٹی آئی کا نام نہیں لیا، مراد سعید کیوں چھپا ہوا ہے؟۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے 9 مئی کی منصوبہ بندی ہوئی، ان سے آخری دن ملا تو اس کمرے میں جو آلات تھے وہ کس کے دفتر کے تھے؟۔
انہوں نے کہا کہ فرح گوگی اور عثمان بزدار بشریٰ بی بی کی پروڈکٹ تھے ، بشریٰ بی بی کے سامنے عثمان بزدار جہاز میں زمین پر ( نیچے ) بیٹھتے تھے اور کچھ وزیر بھی بشریٰ بی بی کے سامنے ہاتھ جوڑ کر بیٹھتے تھے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ فیض حمید کو بانی پی ٹی آئی کی بطور وزیراعظم پشت پناہی تھی ، اس لئے وہ طاقتور تھے اور ان کا کورٹ مارشل ہوگا۔