پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کی ہدایت پر چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کو خط لکھیں گے اور ساری صورتحال ان کے سامنے رکھیں گے۔
منگل کے روز عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے چیف جسٹس کو یاد دلائیں کہ اُن کی باتوں پر عمل نہیں ہو رہا۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات نظرانداز کر کے بانی پی ٹی آئی سے انکی اہلیہ کی ملاقات نہیں کرائی جا رہی اور بچوں سے ہر ہفتے کے بجائے 6 ماہ میں صرف 4 بار ٹیلیفون پر بات کرائی گئی ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ جیلوں میں جو نظام اس وقت قائم ہے وہ قانون کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں پارٹی ہدایت کیخلاف ووٹ دینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت پارٹی سے باہر ہو چکے ہیں اور اب یہ فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا۔