ہیکرز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت ( اے آئی ) سے تیار کردہ ایک جعلی ویڈیو کو امریکی سرکاری دفتر کے ٹیلی وژن پر نشر کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق جعلی ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیسلا اور ایکس کے سی ای او ایلون مسک کے پاؤں چومتے ہوئے دکھایا گیا جو امریکی سرکاری دفتر کے ٹی وی پر چلائی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو کئی بار نشر ہونے کے باعث سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ ہیکرز نے یہ شرارت کی اور ویڈیو میں ٹرمپ کو مسک کے پاؤں چومتے دکھایا گیا جس کا عنوان "لانگ لِو دی ریئل کنگ" رکھا گیا تھا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس ویڈیو کو کس نے تیار کیا لیکن اس کے منظر عام پر آنے کے بعد امریکی سرکاری دفاتر کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جعلی ویڈیو سب سے پہلے ایک ہفتہ قبل ایکس پر پوسٹ کی گئی تھی۔
اس واقعے نے سائبر سیکیورٹی کے خطرات اور سیاست میں ایلون مسک کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر نئی بحث کو جنم دیا ہے۔
یاد رہے کہ ایلون مسک امریکی صدر ٹرمپ کے قریبی اتحادی ہیں اور ان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے وفاقی ایجنسیوں میں ان کا اثر و رسوخ نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔