راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے میچ کے دوران تماشائی کے گراؤنڈ میں داخل ہونے پر تماشائی عبدالقیوم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر ایس ایچ او تھانہ نیو ٹاؤن انوار الحق کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق باہتر ضلع اٹک کے رہائشی عبدالقیوم نے جان بوجھ کر سیکیورٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔
ملزم گزشتہ روز یاسر عرفات انکلوژر کی جانب سے نیوزی لینڈ ٹیم کی بیٹنگ کے دوران گراؤنڈ میں داخل ہوا تھا۔ ملزم کو سیکیورٹی عملے نے قابو کرکے پولیس کے حوالے کیا۔ بعدازاں ملزم کو تھانہ نیو ٹاؤن منتقل کرکے تفتیش کی گئی تھی۔