چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے جبکہ بنگلہ دیش اور پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 237 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 46.1 اوورز میں عبور کر لیا جس میں رچن راویندرا 112 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ٹام لیتھم 55 جبکہ ڈیون کانوے 30 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان نجم الحسن شنتو نے 77 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں تنزید حسن 24، مہدی حسن میراز 13، توحید ردوئے 7، مشفیق الرحیم 2، محمود اللہ 4رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جاکر علی نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 45 رنز بنائے، رشاد حسین 26 اور تسکین احمد 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مستفیض الرحمان 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل نے صرف 26 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، رورکے نے 2، جیمیسن اور ہنری نے ایک ایک شکار کیا۔
نیوزی لینڈ کی فتح کی صورت میں پاکستان اور بنگلہ دیش سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائیں گے، کیویز بھارت کے ساتھ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیں گے۔