پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل تک رسائی کا خواب مسلسل دو شکستوں کے بعد مشکل ہو گیا ہے اور نیوزی لینڈ اور بھارت کے ہاتھوں بالترتیب 60 رنز اور 6 وکٹوں سے شکست کے بعد اب پاکستان کی امیدیں اگر مگر کے تکنیکی امکانات پر ٹکی ہیں لیکن کھیل مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔
پاکستان کو اپنا آخری گروپ میچ 27 فروری کو راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنا ہے اور اسے بڑے مارجن سے جیتنا لازمی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کی سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے دیگر میچوں کے نتائج بھی اہم ہوں گے۔
اگر نیوزی لینڈ اپنے دونوں باقی میچز (بنگلہ دیش کے خلاف 24 فروری اور بھارت کے خلاف 2 مارچ) بھاری مارجن سے ہار جاتا ہے تو پاکستان کے لئے موقع پیدا ہو سکتا ہے۔
تاہم، اگر نیوزی لینڈ ان میں سے کوئی ایک میچ بھی جیت جاتا ہے یا بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو پاکستان کا سفر یہیں ختم ہو جائے گا۔
کل 24 فروری کو راولپنڈی میں نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والا میچ پاکستانی شائقین کے لئے انتہائی اہم ہے اور بنگلہ دیش کی جیت پاکستان کی امیدیں زندہ رکھ سکتی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی فتح یا میچ کا واش آؤٹ پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دے گا۔
اس کے بعد 2 مارچ کو دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی پاکستان کی قسمت پر اثر انداز ہوگا۔
سیمی فائنل کے لئے پاکستان کو نہ صرف بنگلہ دیش کے خلاف بڑی جیت درکار ہے بلکہ اسے نیٹ رن ریٹ کو بہتر کرنے کے لئے غیر معمولی کارکردگی دکھانی ہوگی۔