وزیراعظم شہبازشریف دو روزہ سرکاری دورے پرآذر بائیجان کےدارالحکومت باکو پہنچ گئے۔
شہباز شریف اپنے دورے کے دوران وہ صدر الہام علیوف سے ملاقات اور بزنس فورم سے خطاب کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ۔ مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان بھی ساتھ ہیں۔ وفاقی وزرا جام کمال خان، عطا تارڑ ، چوہدری سالک حسین اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِاعظم کے وفد میں شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوگا۔ توانائی، تجارت، دفاع، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو ہو گی۔ اس کے علاوہ بزنس فورم سے وزیراعظم کا اہم خطاب بھی شیڈول ہے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا مارچ دوہزار چوبیس میں وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد آذربائیجان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔