خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ لوگوں کو اب احساس ہوگیا ہے کہ یہ سسٹم ٹھیک کرنا پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بس کی بات نہیں ہے۔
نوشہرہ میں سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اس صوبے میں جو سسٹم میں نے بنایا تھا پی ٹی آئی نے سب ختم کردیا ہے اور میں جیل میں بیٹھے بانی پی ٹی آئی سے پوچھتا ہوں میری پانچ سال کی محنت کو کیوں ضائع کیا ؟۔
سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ کام پی ٹی آئی نے کیا ہے اور پرویز خٹک نے کچھ نہیں کیا تو ابھی بھی صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہ کام کر کے دکھادیں۔
پرویز خٹک کا کہنا کہ پولیس ریفارمز ، صحت کا نظام اور رشوت کیخلاف جنگ سب ختم ہوگیا ہے اور آج اس صوبے میں کیوں ترقی نہیں ہورہی؟ کیوں رشوت بڑھ رہی ہے؟، اسپتالوں میں ادویات نہیں مل رہی اور لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی انتقام لیا جارہا ہے اور میں چاہتا ہوں پی ٹی آئی کے 5 سال پورے ہوں تاکہ لوگوں پتہ چلے انہوں کیا کیا؟۔