چیمپئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے انتہائی سنسنی خیز مرحلے کے بعد انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے بڑی کامیابی سمیٹ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 352 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے انگلس کی شاندار بلے بازی کی بدولت 47.2 اوورز میں عبور کر لیا جبکہ گلین میکسویل کے شاندار چھکوں نے میچ کا مزہ دوبالا کر دیا ۔
آسٹریلیا کی جانب سے میتھیوشارٹ نے 63، مارنس لبوشین 47، ایلیکس کیری 69 جبکہ گلین میکسویل نے 32 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی ۔
چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، انگلش ٹیم نے بین ڈکیٹ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیدیا، انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنا ڈالے۔
ابتداء میں انگلش ٹیم کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پہلی دو وکٹیں صرف 43 رنز کے مجموعے پر گر گئیں، جب فل سالٹ 10 اور جیمی اسمتھ 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
انگلش اوپنر بین ڈکیٹ نے تجربہ کار بیٹر جو روٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کے مجموعے میں 158 رنز کا اضافہ کیا، روٹ 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ڈکیٹ نے اپنا جارحانہ انداز بدستور اپنائے رکھا اور 143 گیندوں پر 165 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 17 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
ہیری بروک 3، جوز بٹلر 23، لیام لیونگ اسٹو 14، برائیڈن کارسے 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جوفرا آرچر 10 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، عادل رشید ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں یہ سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل انگلش ٹیم نے جنوبی افریقا کیخلاف 2009ء میں 323 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارشیئس نے 3، ایڈم زیمپا اور مارنوس لیبوشین نے 2، 2 جبکہ گلین میکسویل نے ایک شکار کیا۔
اسٹیو اسمتھ کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی انگلینڈ کو کم اسکور پر محدود کریں، اہم بولرز کی کمی محسوس ہوگی، توقع ہے کہ میگا ایونٹ کا اچھا آغاز کریں گے۔
انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف آئی سی سی ایونٹ کا میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے، کوشش ہوگی کہ آسٹریلیا کو بڑا ٹارگٹ دیں۔
آسٹریلوی ٹیم:
ٹریوس ہیڈ، میتھیو شارٹ، اسٹیو اسمتھ، مارنوس لیبوشین، جوش انگلس، ایلکس کیری، گلین میکس ویل، بین ڈوارشیئس، ناتھن ایلس، ایڈم زیمپا، اسپنسر جونسن۔
انگلش ٹیم:
بین ڈکٹ، فل سالٹ، جیمی اسمتھ، جو روٹ، ہیری بروکس، جوز بٹلر، لیام لیونگ اسٹون، برائیڈن کارسے، جوفرا آرچر، عادل رشید، مارک ووڈ۔