یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکی خصوصی ایلچی جنرل کیتھ کیلوگ کے ساتھ اپنی ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیا ہے۔
یوکرین کے دارلحکومت کیف میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اور امریکی خصوصی ایلچی جنرل کیتھ کیلوگ کی ملاقات میں کے بعد ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس امریکہ کی درخواست پر منسوخ کر دی گئی۔
اس موقع پر یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ یوکرین امریکہ کے ساتھ سرمایہ کاری اور سیکیورٹی کے حوالے سے ایک مضبوط اور فائدہ مند معاہدہ کرنے کے لیے تیزی اور محنت سے کام کرنے کو تیار ہے یوکرین ایک مضبوط اور مؤثر سرمایہ کاری اور سیکیورٹی معاہدے کے لیے تیار ہے یوکرین اور امریکہ کے درمیان مستحکم تعلقات پوری دنیا کے لیے فائدہ مند ہیں۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اور کیلوگ کی گفتگو میں جنگی صورتحال، قیدیوں کی واپسی اور مؤثر سیکیورٹی گارنٹیز جیسے موضوعات شامل تھے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور یوکرین کے تعلقات میں تناؤ بڑھ رہا ہے اور امریکہ کی جانب سے فوجی اور مالی امداد میں ممکنہ کمی کے اشارے مل رہے ہیں حالیہ دنوں میں امریکہ اور روس کے درمیان خفیہ مذاکرات کی خبریں گردش کر رہی ہیں جن میں یوکرین کے مستقبل سے متعلق اہم امور زیر بحث آئے ہیں
یورپی رہنما بھی امریکی پالیسی میں اچانک تبدیلی پر حیران ہیں اور یوکرین کو خدشہ ہے کہ امریکہ کسی ممکنہ امن معاہدے کے لیے یوکرین پر دباؤ ڈال سکتا ہے۔