اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں آئی سی سی کیلئے انکم ٹیکس سے استثنیٰ کی منظوری دیدی ۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس دوران کویت کو بھیڑ، بکریوں کی تجارتی برآمد پر عائد پابندی ہٹانے کی سمری پر فیصلہ مؤخر کر دیا گیا تاہم وزارت توانائی کیلئے 6.85 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی گئی ۔ وزارت خزانہ نے کہا کہ یہ رقم جاری مالی سال کے ترقیاتی اخراجات کے لیے مختص کی گئی ہے،
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ آئی سی سی سے منسلک ادارے، آفیشلز اور غیر مقامی وفود کسی بھی قسم کے ٹیکس یا کٹوتی سےمستثنیٰ ہوں گے، طے شدہ معاہدے کے تحت آئی سی سی اور ذیلی کمپنیوں کو ٹیکس چھوٹ ہوگی، فیصلہ کھیلوں کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کے عالمی طریقہ کار کےتحت کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق ایل این جی لمیٹڈ اور سکار ٹریڈنگ کے درمیان ایل این جی فریم ورک معاہدے کی مدت میں 3سال توسیع کر دی گئی ہے ، یہ معاہدہ ابتدائی طور پر 2023 میں طے پایا تھا، معاہدے کے تحت ضرورت کے مطابق ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو خریدا جا سکتا ہے، توسیع کا مقصد ضروریات کے مطابق ایل این جی خریداری کی حکمت عملی کو برقرار رکھنا ہے۔
وزارت خزانہ کا کہناتھا کہ ای سی سی نے اہم معاشی فیصلوں کی منظوری دے دی ہے ۔