بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کے لئے اڈیالہ جیل پہنچنے والے 15 رہنماؤں کی ملاقات نہ ہوسکی۔
جمعرات کے روز صاحبزادہ حامد رضا، جنید اکبر ، احمد خان بھچر اور شاندانہ گلزار سمیت 15 رہنما اڈیالہ جیل کے باہر پہنچے البتہ ان کی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ ہو سکی۔
بعدازاں، جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو روز سے کہا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرین جیل نہیں آئے، آج سیالکوٹ جلسے میں بڑھکیں مارنے والی خاتون نے ملاقات نہیں ہونے دی یا ان کے آقاؤں نے؟۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگوں کی ایک ملاقات چھبیسویں ترمیم سے قبل اور دو ملاقاتیں مذاکرات کے دوران کروائی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، وزیراعلی پنجاب اور آئی جی کو حساب دینا پڑے گا۔
پی ٹی آئی رہنما ملاقات کا وقت ختم ہونے پر اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔