لاہور کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے گھروں میں واسا کی جانب سے فراہم کیا جانے والا پانی پینے کے قابل نہیں ہے جس کے باعث بچوں اور بڑوں میں متعدد بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
لاہور کےشہریوں کا کہنا ہے کہ جو پانی گھروں میں آتا ہے، اس میں بدبو اور گندگی کے اثرات ہیں جس سے صحت کے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں فلٹریشن پلانٹس پر جائیں تو وہاں بھی صورتحال کچھ خاص بہتر نہیں، یا تو پانی دستیاب نہیں ہوتا یا پلانٹس مکمل طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں۔
متعدد شہریوں نے شکایت کی ہے کہ جب وہ فلٹریشن پلانٹس سے پانی لینے جاتے ہیں، تو اکثر وہاں پانی دستیاب نہیں ہوتا۔ کئی علاقوں میں فلٹریشن پلانٹس خراب پڑے ہیں اور ان کی مرمت کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت اور متعلقہ حکام اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں، پانی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
محکمہ واسا کی جانب سے اس حوالے سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا۔