پی ٹی آئی کے 24 اور 26 نومبر کے احتجاج کے دوران مبینہ طور پر زخمی اور جاں بحق ہونے والے کارکنان کی تفصیلات کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر ہوگئی جبکہ وزارت داخلہ سمیت مختلف اداروں کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی وکیل انصر محمود کیانی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 24 نومبر کو پی ٹی آئی نے اپنے جمہوری حقوق کے لیے پُرامن احتجاج کیا تو کارکنان پر حملہ کیا گیا، 26 نمبر چونگی سے ڈی چوک تک متعدد کارکن جاں بحق ہوئے۔
زیرو پوائنٹ سے دوبارہ احتجاج کے دوران بھی پُرامن مظاہرین پر گولیاں چلائی گئیں جس سے کئی کارکن زخمی ہوئے جبکہ بلیو ایریا اور ملحقہ علاقوں میں بجلی بھی بند کر دی گئی۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ زخمی اور جاں بحق کارکنان کی تفصیلات کے لیے متعدد درخواستیں دیں مگر معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
عدالت سے استدعا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور میڈیکو لیگل رپورٹس فراہم کرنے کا حکم دے۔
درخواست میں وزارت داخلہ، ای ڈی پمز، پولی کلینک انتظامیہ ، ایم ایس سی ڈی اے اسپتال اور ڈی جی سیف سٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔