وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کے دورہ مراکش کے دوران گلوبل منسٹریل کانفرنس میں پاکستان اور انٹرنیشنل روڈ اسیسمنٹ پروگرام میں معاہدہ ہوگیا۔
عالمی ادارے کے کنٹری ڈائریکٹر گریگ سمتھ اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ معاہدے کے مطابق پاکستان میں ذرائع مواصلات کی فیزیبیلٹی اور اسیسمنٹ کا ادارہ قائم ہوگا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی جانب سے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ انٹرنیشنل روڈ اسیسمنٹ پروگرام سے ذرائع مواصلات میں دیرپا بہتری آئے گی اور ذرائع نقل و حمل عالمی معیار کے مطابق لاکر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے۔
کانفرنس کے دوران پاکستانی وفد سے مالدیپ،عمان، فلسطین اور بنگلہ دیش کے وزراء کی ملاقاتیں بھی ہوئیں اور غیرملکی وزراء نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا خیرمقدم کیا جبکہ فلسطین کے وزیر ٹرانسپورٹ طارق زوروب اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان میں گرم جوشی کا اظہار ہوا۔
عمان کے ڈپٹی منسٹر بریگیڈیئر جنرل علی الفلاحی کی بھی عبدالعلیم خان سے ملاقات ہوئی۔
بنگلہ دیش کے وزیر صنعت عادل الرحمن خان کا وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے اجلاس ہوا جس کے دوران عبدالعلیم خان نے پاکستان میں مواصلات کے شعبے پر روشنی ڈالی اور روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری،حادثات میں کمی اور سفری سہولتوں میں اضافہ کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موٹر ویز، شاہراہ قراقرم اور ہائی ویز عالمی معیار کا مقابلہ کرتی ہیں۔
غیر ملکی وزرا نے پاکستان کے مواصلات کے شعبے میں دلچسپی کا اظہار اور دوطرفہ تعاون کی پیشکش کی اور کہا کہ ذرائع نقل و حمل کی بہتری کیلئے گلوبل منسٹریل کانفرنس سود مند ثابت ہو گی۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ مراکش سے خوشگوار یادیں اور قابل عمل تجربات لے کر واپس جائیں گے۔