اڈیالہ جیل کے اندر سے منشیات کا ملزم فرار ہوگیا۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے غفلت، لاپرواہی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چھ ملازمین ک 90 روز کے لئے معطل کردیئے۔ انسپیکٹوریٹ آف پرزنز رپورٹ کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔
اڈیالہ جیل سے فرار حوالاتی نعمان گل تھانہ بارہ کہو اسلام آباد میں درج منشیات برآمدگی کے مقدمہ میں قید تھا،جسے گزشتہ روز عدالت پیشی کے بعد واپس اڈیالہ جیل حکام کے حوالے کیا گیا۔ حوالاتی باہر جانے والے مزدوروں کے ساتھ جیل سے باہر نکل کر فرار ہوا۔
غفلت پر معطل کیے گئے ملازمین میں انچارج ایڈمن بلاک اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ الطاف حسین،انچارج سینٹرل ٹاور نارکوٹکس بیرکس اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ سجاد حیدر شاہ،چیف انچارج بیرک نمبر 6 سے 8 ہیڈ وارڈر محمد ریاض،انچارج بیرک 8 وارڈر محمد عمران خان، دربان ون وارڈر عمار ظہور اور دربان ٹو وارڈر شیر زمان شامل ہیں۔ جیل ملازمین کو پنجاب ایمپلائیز ایفیشینسی، ڈسپلن اینڈ اکاونٹیبلٹی ایکٹ دوہزار سترہ کے تحت معطل کیا گیا۔