سیمنٹ کی برآمدات میں مالی سال 2024-25 کے پہلے سات مہینوں کے دوران گزشتہ سال کی نسبت 24.85 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔
پاکستان بیورو آف شماریات کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، جولائی تا جنوری 2024-25 کے دوران سیمنٹ کی برآمدات 188.091 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال 24-2023ء کے اسی عرصے کے دوران 150.653 ملین ڈالر تھیں۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ مقدار کے لحاظ سے سیمنٹ کی برآمد 35.34 فیصد اضافے کے ساتھ 38 لاکھ 96 ہزار 244 میٹرک ٹن سے بڑھ کر 52 لاکھ 73 ہزار 28 میٹرک ٹن ہوگئی۔
دریں اثنا، سال بہ سال کی بنیاد پر جنوری 2025ء کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیگ گیا۔
جنوری 2025ء کے دوران ملک سے سیمنٹ کی برآمدات 20.619 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ جنوری 2024ء میں یہ 14.728 ملین ڈالر تھی۔
پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر جنوری 2025ء کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 35.36 فیصد کمی واقع ہوئی جو دسمبر 2024ء میں 31.898 ملین امریکی ڈالر تھی۔