آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے سراروغہ کے علاقے میں 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جس میں دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران مارے گئے دہشتگردوں سے حاصل ہونے والے اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ علاقے میں موجود مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری رکھا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی ارض پاک کو امن کا گہوارا بنانے کے مشن کا حصہ ہے اور سیکیورٹی فورسز کی طرف سے فتنہ الخوارج کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے تاکہ دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ہر دن دہشتگردی کے مکمل سدباب کے ہدف کے قریب تر ہو رہی ہیں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات پر قوم فخر محسوس کرتی ہے اور پوری قوم اپنے جانباز بیٹوں کے ساتھ اس جنگ میں کھڑی ہے۔