بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔عدالتی عملے نے ملزمان کے وکلاء کو آگاہ کر دیا۔
توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں مقرر تھی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے بتایا کہ سپیشل جج سنٹرل عدالت کے عملے نے فون کر کے بتایا کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت آج نہیں ہوگی۔ کیس کی سماعت بغیر کاروائی کے 27 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔
کیس میں اب تک 8 گواہان کے بیانات قلمبند جبکہ ساتویں گواہ قیصر محمود پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی جرح جاری ہے۔
کیس کی سماعت ملتوی ہونے پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے ٹویٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس سے پہلے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بھی چھبیس فروری تک ملتوی کر دی گئی تھی۔وہ اچانک سماعت ملتوی کیے جانے پہ شکوک و شہبات کا شکار اور بانی پی ٹی آئی وبشری بی بی کی صحت و سلامتی کے بارے میں فکر مند ہیں۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ ماضی میں اس طرح کی پابندیوں کے دوران بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھنے سمیت اُن سےغیر انسانی سلوک روا رکھا گیا تھا۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر وکلاء اور خاندان کے افراد کی ملاقات بانی پی ٹی ائی اور بشری بی بی سے کروائی جائے تاکہ انکی صحت و سلامتی سے متعلق عوام الناس کو آگاہ کیا جا سکے۔