ملاکنڈ یونیورسٹی چکدرہ میں مبینہ جنسی ہراسگی کے الزام میں پروفیسرکیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتارکرلیا گیا۔ گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے نوٹس لے لیا۔ تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی قائم کردی گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم پروفیسرعبدالحسیب نے مبینہ طو پر طالبہ کے گھر میں داخل ہوکر اغوا کی کوشش کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن اور اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ پولیس کی نگرانی میں کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ملاکنڈ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد کی روشنی میں کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔ ہراسمنٹ کمیٹی میں شکایت کنندہ کو اپنا موقف بیان کرنےکا موقع بھی دیا گیا ہے۔ جس کےبعد کمیٹی کی سفارشات کو تادیبی کارروائی کیلئے سینڈیکیٹ کو بھیجا جائیگا۔
ان کا کہنا تھا یونیورسٹی انتظامیہ نے ہراسمنٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیارکررکھی ہے اورمحفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔