پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے شعیب شاہین پر فواد چودھری کے حملے کو سنگدلانہ اقدام اور حیوانی جبلت کا اظہار قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے اعلامیے میں فواد چودھری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ ان کی گالم گلوچ اور بدزبانی ان کے فحش گوئی کے رجحان کی عکاسی کرتی ہے یہ حملہ صرف شعیب شاہین پر نہیں بلکہ تحریک انصاف کے چہرے پر بھی طمانچہ ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فواد چودھری کی ذات سے بانی چیئرمین کی ہدایت پر لاتعلقی اختیار کیے جانے کے بعد یہ تنازعہ کھڑا ہوا ہے فواد چودھری کا ماضی بھی ایسے کئی واقعات سے بھرا ہوا ہےاور وہ کسی بھی فورم پر خود کو پی ٹی آئی کا نمائندہ پیش کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔
تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے شعیب شاہین کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ان کے وقار کے ساتھ اس ناخوش گوار واقعے کا سامنا کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔