پاکستانی نژاد سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر فواد احمد کے شیرخوار بیٹے کا انتقال ہوگیا، آسٹریلوی ٹیم نے ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کیخلاف بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلا۔
بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی ٹیم کے کھلاڑی نیدرلینڈز کیخلاف میچ بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کھیلا، جس کا مقصد پاکستانی نژاد سابق آسٹریلوی اسپنر فواد احمد سے ان کے بیٹے کی موت پر یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔
پاکستانی نژاد سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر فواد احمد نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اپنے شیرخوار بیٹے کی موت کی خبر شیئر کی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بدقسمتی سے ایک لمبی جدوجہد کے بعد میرا بیٹا ایک تکلیف دہ اور سخت جنگ ہار گیا، مجھے امید ہے کہ اب آپ (بچہ) ایک بہتر جگہ ہیں اور ہم آپ کو بہت یاد کریں گے۔
انہوں نے صارفین سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ امید کرتا ہوں کہ کوئی بھی اس درد سے نہ گزرے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں بدھ کو آسٹریلیا کے کھلاڑی نیدرلینڈز کیخلاف دہلی میں اپنا میچ کھیلنے اُترے تو ان کے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں بندھی ہوئیں تھیں۔
فواد احمد 3 ون ڈے اور 2 ٹی 20 میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرچکے ہیں اور ان کی کُل انٹرنیشنل وکٹوں کی تعداد 6 ہے۔
فواد احمد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی بھی نمائندگی کرچکے ہیں۔