برادر ملک ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان پاکستان کا دو روزہ کامیاب دورہ مکمل کرکے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان دورہ پاکستان کے بعد اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں جبکہ نور خان ائر بیس پر وزیر اعظم شہباز شریف ، نائب وزیر اعظم اور کابینہ ارکان نے انہیں الوداع کہا۔
ترک صدر کے دورے کے دوران 24 دو طرفہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جبکہ رجب طیب اردوان نے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کو ترک ساختہ الیکٹرک گاڑیوں کے تحفے بھی دیئے۔
خاتون اول آصفہ بھٹو زراری نے معزز مہمان کے ساتھ ڈرائیو بھی کی
ترکیہ پاکستان ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کا ساتواں اجلاس بھی ہوا ، وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدررجب طیب اردوان نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اظہار اطمینان اور تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترک صدر طیب اردوان ایوان صدر کے مہمان بھی بنے جہاں صدر آصف علی زرداری نے ترک ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا اور دونوں صدور کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی جبکہ علاقائی اور عالمی امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس سے پہلے ترک صدر کو پرائم منسٹر ہاؤس آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پاک فضائیہ کے طیاروں نے معزز مہمان کو سلامی دی، استقبالیہ تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی اور معزز مہمان نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا لگایا ۔
روانگی سے قبل وزیراعظم نے ترک صدر کو دورہ پاکستان کی یادگاری البم بھی پیش کی۔