صدر مملکت آصف زرداری اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی ملاقات میں تجارت، معیشت، توانائی، دفاع کے شعبوں میں تعاون مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے صدر مملکت آصف زرداری اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ایوانِ صدر آمد پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترک صدر کا استقبال کیا۔
اعلامیہ
ملاقات کے دوران تجارت، معیشت، توانائی، دفاع کے شعبوں میں تعاون مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ اور سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کا عزم کیا گیا جبکہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا تھا کہ صدر اردوان کا دورہ پاکستانی عوام کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول ہے اور اسٹاک مارکیٹ اور معیشت کے شعبوں میں ترک کاروباری اداوروں کی مزید سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔
صدر مملکت نے دونوں ممالک کے بینکاری شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کےدرمیان دوطرفہ تجارتی حجم کو بھرپور صلاحیت تک بڑھانا ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بالخصوص غزہ اور شام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں صدور کی جانب سے عالمی اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
صدر مملکت نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی اصولی حمایت پر ترک صدر سےاظہار تشکر کیا جبکہ صدر اردوان نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے ترکیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتے رہیں گے اور ترکیہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانےکا خواہاں ہے۔
صدر اردوان نے پاک ترکیہ دوستی آئندہ نسلوں کو منتقل کرنے کیلئے عوامی روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔
گاڑی کا تحفہ
ترک صدر طیب اردوان کی جانب سے صدر آصف زرداری کو الیکٹرک گاڑی کا تحفہ دیا گیا جبکہ آصفہ بھٹو زرداری نے مہمان صدر کے ساتھ گاڑی ڈرائیو کی۔