پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 24 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان موجود تھے۔
دونوں ممالک نے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلامیہ پر دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشتوں میں سماجی و ثقافتی بنیادوں پر ملٹری اور سول پرسنلز کے تبادلے، ایئرفورس الیکٹرانک وارفیئر، ملٹری ہیلتھ کے شعبے میں تربیت اور تعاون، ہائیڈروکاربنز کے شعبے میں تعاون کے معاہدے میں ترمیم، کان کنی، انرجی ٹرانزیشن، پانی کے شعبے، زرعی بیجوں، لیگل میٹرولوجی انفرااسٹرکچر، صنعتی پراپرٹی، صحت اور فارماسیوٹیکل سمیت دیگر شعبوں میں تعاون شامل ہے۔
اس کے علاوہ ایکسپورٹ کریڈٹ بینک ترکیہ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک پاکستان کے درمیان معاہدہ، تجارتی سرٹیفکیٹ کے ماخذ کی تصدیق کی ڈیجیٹائزیشن، حلال ایکریڈیٹیشن اتھارٹی اور پاکستانی اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت، تعلقات عامہ، میڈیا اور کمیونیکیشنز کے شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر اور خاتون اول کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی چلائے گئے۔ چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔۔ پاک فضائیہ کے طیاروں نے معزز مہمان کو سلامی بھی دی۔
شہباز شریف نے رجب طیب اردوان سے مصافحہ بھی کیا اور مہمانِ خصوصی کو وفاقی کابینہ کے اراکین سے فرداً فرداً ملاقات کروائی۔ ترک صدر رجب طیب اردوان اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی بھی ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم نے صدر ترکیہ سے اپنی کابینہ کا تعارف کرایا۔ صدر ترکیہ نے کابینہ ارکان سے مصافحہ کیا۔ کابینہ ارکان نے معزز صدر کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔
اعلیٰ سطح وفد بھی ترکیہ کے صدر کے ہمراہ موجود ہے۔ صدر ترکیہ نے وزیراعظم سے بھی اپنے وفد کا تعارف کرایا۔ معزز مہمان نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا لگایا
وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ پاکستان بہت مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو صدیوں پر محیط ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صدر طیب اردوان نے سیلاب کے دوران پاکستانی عوام کے دل جیتے اور مشکل وقت میں پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے سیلاب متاثرین کے لیے فراخدلی سے امداد فراہم کی، جسے پاکستانی عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔