وزیر اعلی کےپی علی امین گنڈا پور نے چیئرمین پی ٹی آئی سے شیرافضل مروت کے فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواست کردی۔
وزیراعلی خیبرپخونخوا علی امین گنڈا پورکی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ڈیڑھ گھنٹہ ملاقات جاری رہی،ملاقات میں شیر افضل مروت کوپارٹی سے نکالنے کےفیصلہ پر بھی بات چیت کی گئی،وزیراعلی نےشیرافضل مروت کےفیصلہ پرنظر ثانی کی درخواست بھی کی۔
ملاقات میں کے پی میں مختلف منصوبوں کے حوالےسے بھی بات چیت کی گئی،وزیراعلی نے بانی پی ٹی آئی سے صوابی جلسے، پارٹی اور دیگر سیاسی امور پر تفصیلی بات چیت کی۔
عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آنے والوں میں علی امین گنڈاپور کے علاوہ صوبائی وزیر خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، حلیم عادل شیخ، بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی، سیمابیہ طاہر، سابق ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی اور صوبائی وزیر تیمور جھگڑا شامل تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہدایات جاری کی تھیں، جس کے بعد ان سے اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفا طلب کیا جانا تھا۔