چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی مذموم کوششیں ہمیشہ کی طرح ناکام رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے پاکستان بھر کی مختلف جامعات سے آئے طلبا نے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے با صلاحیت نوجوانوں کو مستقبل کے رہنما قرار دیتے ہوئے پاکستانیت کا جذبہ اپنانے کی تلقین کی۔
آرمی چیف نے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کیلئے کوشش کریں اور ایسی مہارتیں پیدا کریں جو آپ کو ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام بالخصوص نوجوانوں کا پاک فوج سے انتہائی مضبوط رشتہ ہے اور ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوششیں ہمیشہ ناکام رہیں اور رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کا آغاز بھی اِنَّ الحکم اِلَّاللّٰہ ، یعنی حاکمیت صرف اللّٰہ کی ہے سے ہوتا ہے، یہ فتنہ الخوارج کس شریعت اور دین کی بات کرتے ہیں؟ ہمیں اپنے مذہب، تہذیب اور روایات پر بھی فخر ہے، ہم کبھی فتنہ الخوارج کو فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور لوگ دہشت گردوں کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں کی فکری نشوونما میں تاریخ، ثقافت اور اقدار کی اہمیت کو اجاگر کیا جبکہ پاکستان پر بیرونی اثرات، سرحد پار سے دہشتگردی کے خطرات کے ساتھ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاک فوج کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پرعزم حمایت کو بھی سراہا۔