قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے رکن نور عالم خان نے چیف جسٹس یحیٰی آفریدی سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے وفد کی ملاقات پر سوال اٹھا دیا۔
بدھ کے روز ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت اجلاس میں جے یو آئی رکن نور عالم خان نے سوال اٹھایا کہ بتایا جائے آئی ایم ایف کا وفد کس حیثیت میں اور کس سے پوچھ کر چیف جسٹس سے ملا؟ جس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے جواب دیا کہ ضرور دونوں فریقوں کی رضا مندی سے ملاقات ہوئی ہوگی۔
یاد رہے کہ منگل کے روز آئی ایم ایف کے وفد نے چیف جسٹس سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی تھی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف وفد نے وقت لیا ہوگا اور چیف جسٹس نے وقت دیا ہوگا۔
خواجہ آصف کا کہا تھا کہ ہمارا ملک مالی مشکلات سے گزر رہا ہے اور مالی مشکلات خصوصاً فنانشنل ڈسپلن میں جوڈیشری کو ساتھ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری معاشی سانسیں آئی ایم ایف کی وجہ سے ہی بحال ہوئی ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہماری خواہش نہیں بلکہ مجبوری تھی کہ آئی ایم ایف کے پاس گئے۔