راولپنڈی میں میاں بیوی کے مبینہ تشدد کے باعث اسپتال میں زیرعلاج کمسن گھریلو ملازمہ جان کی بازی ہارگئی ۔ گھریلو ملازمہ کےقتل کا مقدمہ تھانہ بنی میں مقتولہ کےوالد ثنا اللہ کی مدعیت میں درج کرلیاگیا۔
کمسن ملازمہ اقرا کو مالکان نے مبینہ طور پر ڈنڈوں اورپائپ سے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ تشدد کے بعد چار دن تک کمسن لڑکی کو اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔ حالت تشویشناک ہونے پرگزشتہ روزکمسن ملازمہ کوہولی فیملی اسپتال لایا گیا ۔
پولیس نے کمسن لڑکی اقرا کی موت کی تصدیق کردی۔ اقرا 8 ہزارروپے ماہانہ تنخواہ پرراولپنڈی میں ملزم جوڑے کے پاس گھریلوملازمہ تھی ۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تشدد کے باعث اقرا کے سر کی نازک ہڈیاں اور دماغ بری طرح متاثر ہوا۔
پولیس نے تشدد پر گھر کے مالک راشدشفیق اس کی اہلیہ ثناء شفیق اور خاتون لائبہ کو گرفتار کر رکھا ہے ۔ گھریلو ملازمہ کے قتل کامقدمہ کمسن مقتولہ کےوالد ثناء اللہ کی مدعیت میں تھانہ بنی میں درج کرلیا گیا۔